Alerts

United we stand.

Sunday, March 23, 2014

یوم پاکستان اور ہماری ذمہ داری


آج یوم پاکستان ہے۔اس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی۔جس کے محض سات سال بعد اس قوم نے انتھک محنت اور سچی لگن کے تحت موجودہ دنیا میں پہلا اسلامی ملک قائم کردیا تھا ۔ ایک مضبوط و توانا پاکستان قائم کرنے کے لئے اس وقت ویسی ہی قربانی اور جذبے کی ضرورت ہے ۔جیسا انیس سو چالیس عیسوی میں برصغیر کے مسلمانوں میں تھا ۔
ہم سب کی عزت پاکستان سے ہے۔ اگر پاکستان ایک مضبوط اور باعزت ملک بن کر ابھرے گا ۔تو نہ صرف ہم سب کی عزت اور شان میں اضافہ ہوگا ۔ بلکہ ہماری آئیندہ نسلیں بھی شان و شوکت سے اس دنیا میں زندہ رہ سکیں گی۔
جبکہ اس وقت ہم یعنی پاکستانیوں کی ایک بڑی اکثریت اپنے مستقبل سے مایوس نہیں تو پُر امید بھی نظر نہیں آتی۔ اور بہت سے لوگ محض اچھے مستقبل کی خاطر اپنا وطن اپنی جان سے پیا را پاکستان چھوڑ آئے ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آنے والی نسلوں کو یوں نہ کرنا پڑے تو اس کے لئیے ضروری ہے ۔ پاکستان میں ایسے حالات پیدا کئیے جائیں ۔ جس میں پاکستانیوں کو محض ایک اچھے مستبقل کی خاطر غریب الوطنی کا زہر نہ پینا پڑے ۔ محض اپنے مالی حالات کی خاطر ملک چھور کر پردیس کو نہ اپنانا پڑے ۔ اور پاکستان میں بسنے والے پاکستانیوں کا جینا ایک باعزت شہری کا ہو ۔ اور وہ دو وقت کی روٹی باعزت روزگار اور رہائش کے لئیے کسی کے محتاج نہ ہوں ۔تو اس کے لئیے ضروری ہے کہ ہم پاکستان میں موافق حالات پیدا کریں ۔ اور پاکستان میں ایسے اچھے حالات پیدا ہوسکتے ہیں ۔ یقینا یوں ہو سکتا ہے مگر اس کے لئیے ضروری ہے کہ پاکستان میں اچھے حکمران ہوں۔ جن کی دلچسپی صرف اور صرف پاکستان اور پاکستانی قوم کی ترقی میں ہو۔ اور یوں ہونا تب تک ممکن نہیں ۔جب تک پکی نوکری والوں کی دال روٹی کچی نوکری والوں کی “پرچی” سے نتھی ہے۔ تب تک پاکستان کے مجموعی حالات بدلنے مشکل ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ”شخصیات“ کی بجائے ادارے مضبوط ہوں۔ اور اداروں کے اہلکار اپنے آپ کو حاکموں کی بجائے ریاست کے ملازم سمجھیں۔
ترقی یافتہ دنیا کے ممالک میں دیکھتے ہیں کہ حکومتیں بدل جاتی ہیں ۔ اور نئی سیاسی جماعتیں اور نئے لوگ اقتدار میں آجاتے ہیں مگر ان کے ادارے مکمل تسلسل کے ساتھ اپنے عوام کے مسائل کو شب و روز حل کرتے نظر آتے ہیں ۔ کیونکہ انکے اداروں کے ملازمین اور افسر اپنے آپ کو صرف اور صرف ریاست کے ملازمین سمجھتے ہوئے صرف ریاست کی طرف تفویض کئیے گئے فرائض کی بجا آوری ہی اپنا فرض   اپنی ڈیوٹی سمجھتے ہیں۔ جب کہ پاکستان میں جیسے ہی نئے حکمران حکومت میں آتے ہیں ۔ وہ تمام سرکاری ملازمین ،افسران ،بیورو کریسی یعنی انتظامیہ کو اپنا ذاتی ملازم سمجھنا شروع کر دیتے ہیں۔ اور اب تو یہ عالم ہے کہ پاکستانی اداروں کے بڑے بڑے افسران بھی اپنی وفاداریاں ریاست پاکستان کے ساتھ نبھانے کی بجائے  حکمرانوں، وزیروں ،مشیروں اور اسی طرح چار پانچ سال کے لئیے کچی نوکری والوں سے نبھانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
یقین مانئیے اگر پاکستان کے ادارے مضبوط ہوں گے اور انکے اہلکار اپنے آپ کو شخصیات کی بجائے ریاست پاکستان کے ملازم سمجھیں گے ۔ اور ہر صورت میں ریاست پاکستان اور پاکستانی عوام کا مفاد مقدم جانیں گے ۔ تو میں آپ کو یقین دلاتی ہوں ۔ کہ ہماری آئیندہ آنے والی نسلیں محض پاکستانی ہونے کی وجہ سے خوار نہیں ہونگی ۔ اور وہ اقوام عالم میں باعزت قوم کے 
طور پہ جانی جائیں گیں ۔
روبی ساجد  ملک
جناح  یو نیورسٹی برائے خواتین

No comments:

Post a Comment